کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلائے جس کو عالمی ادارے کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے۔
اے پی ایچ سی کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں حریت جماعتوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی پسند تنظیموں کے خلاف بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی سیاسی دہشت گردی قرار دیا۔انہوں نے احمد لاوے کی برطرفی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ برطرفی کشمیر کے لوگوں کے خلاف سخت قوانین کو استعمال کرکے کی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اکثریتی برادری کو پسماندہ کرنے کی شیطانی مہم نے اس وقت سے زور پکڑا ہے جب بی جے پی کی حکومت نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک سینکڑوں کشمیریوں کو ملازمتوں سے برطرف کیا گیا ہے اور غیر ریاستی رعایا کے لیے روزگار کے دروازے کھول دیے۔