تہران میں علاقائی ممالک کے خصوصی نمائندوں کا اجلاس ہوا جس میں افغانستان کی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران پاکستانی نمائندے محمد صادق نے افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے حملوں کا معاملہ اٹھایا اور افغان حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، افغان عبوری حکومت نے اس اہم اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔
تہران: علاقائی ممالک کے خصوصی نمائندوں کا یہ چوتھا اجلاس تھا، جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرامن افغانستان کو علاقائی امن و استحکام کے لیے ضروری قرار دیا ۔
پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں رہنے والے دہشت گردوں کو علاقائی ممالک کے لیے خطرہ قرار دیا ۔
محمد صادق نے مطالبہ کیا کہ افغان عبوری حکومت پاکستان اور پڑوسی ممالک کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہ کرنے کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کرے ۔
اس اجلاس میں چین، روس، ترکمانستان، ازبکستان اور تاجکستان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، افغان عبوری حکومت نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔


