پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا، آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 4 میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فتح-4 توسیعی ورژن جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشن سسٹمز سے لیس ہے، جو طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی، جس کا مقصد درستی میں بہتری اور نظام کی بقا کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا ہے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور میزائل تیار کرنے والے ادارے کے انجینئرز نے کیا ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے فتح-4 توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی ہے ۔
اعلیٰ عسکری قیادت نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز اور تمام متعلقہ افراد کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا ۔


