ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وارننگ دیتے ہوئے کہاہے کہ ایران کے عزم کو دوبارہ آزمانے کی کوشش نہ کرو، کسی بھی غلطی کا پہلے سے بڑا سبق سکھائیں گے۔
اس سے قبل بھی ایک بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا تھا صدر ٹرمپ کی دھمکیاں ایرانی عوام پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ جنگ کریں گے تو ہم بھی جنگ کریں گے، اگر آپ منطق کے ساتھ آگے آئیں گے تو ہم بھی منطق کے ساتھ بات کریں گے۔
اس کے علاوہ پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزاحمتی محاذ طاقتور ہے، دشمن کو بغیر کسی کامیابی کے خطے سے نکلنے پر مجبور کریں گے۔
یاد رہے کہ اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی بحریہ فوری طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کرے گی اور ایران کو ٹول ادا کرنے والے جہازوں کو بھی روکا جائے گا۔


