پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں، اور اسی سلسلے میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن کے قیام کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، 29 اور 30 مارچ کو ہونے والے اس چار فریقی اجلاس کا بنیادی مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری تناؤ کو کم کرنے اور ایران سے متعلق جاری بحران کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
مزید برآں، ہاکان فیدان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ اجلاس ترکی میں منعقد ہونا تھا، تاہم پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کی مصروفیات کے باعث اجلاس کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران سے متعلق کشیدگی کے خاتمے کے لیے مسلسل سفارتی رابطے میں ہے اور اس اجلاس کو خطے میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


