محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخوانے ڈیرہ اسماعیل خان کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، کارروائی میں شیخ یوسف خیمہ بستی سے خاتون خودکش حملہ آور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔
ڈی آئی خان: سی ٹی ڈی کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگری ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کو خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ شیخ یوسف خیمہ بستی میں ایک جوان العمر خودکش حملہ آور خاتون موجود ہے ۔
اطلاع پر سی ٹی ڈی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز (SWAT) نے چھاپہ مار کر متذکرہ مقام پر ایک جوان العمر لڑکی کو پا کر پوچھ گچھ کرنے پر خاتون نے اپنا نام مسماۃ (ز) بتلایا اور کہا کہ وہ عرصہ دراز سے خارجی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی تربیت میں رہی جو اب مر چکا ہے ۔
مبینہ خاتون خودکش حملہ آور نے مزید بتایا کہ وہ کالعدم تنظیم کی رکن ہے اور اس نے حالیہ دنوں میں خودکش حملے کیلئے رضامندی ظاہر کی تھی جس کیلئے خودکش جیکٹ اور ٹارگٹ خارجی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنا تھی ۔
خاتون کے خیمے سے ایک عدد کمانڈو بیگ بھی ملا جس میں پستول بمعہ کارتوس، پرفیوم جو بارود کی بو کو اپنی خوشبو میں جذب کرے، 2 موبائل فون جس میں کالعدم تنظیم سے رابطے وغیرہ تھے، پاور بینک اور دیگر سامان برآمد ہوا ۔


