گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والا دوسرا ایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس بڑے اسپورٹس ایونٹ نے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا بلکہ علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا۔
چیمپئن شپ کی شاندار اختتامی تقریب لالک جان اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامنٹ پاک فوج کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد گلگت بلتستان میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کروانا تھا۔
ایونٹ میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے 17 ٹیموں نے شرکت کی اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل پیش کیا۔ سنسنی خیز اور اعصاب شکن فائنل مقابلے میں این ایل آئی مارخور ون نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سے فتح اپنے نام کی۔
اختتامی تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ، کمانڈر ایف سی این اے، پولیس حکام اور دیگر سرکاری و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔
شائقین فٹبال نے گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پاک فوج اور ایف سی این اے کی کاوشوں کو سراہا۔ چیمپئن شپ نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔


