پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ سلمان علی آغا نے 39 اور بابر اعظم نے 24 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 20 اوورز میں 146 رنز ہی بنا سکی۔ کیمرون گرین 36 اور بارلیٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر صائم ایوب کو پلیئر آف دی میچ اور آل راؤنڈر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔


