محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آج (اتوار) سے منگل تک بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخوا، مری اور گلیات میں بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، پشاور، نوشہرہ، صوابی، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، کرم، خیبر، ہنگو، باجوڑ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے ساتھ مری اور گلیات میں بھی 26 اور 27 جنوری کو بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، برکھان، سبی، لورالائی، تربت، گوادر، جیوانی، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں اتوار کی رات اور پیر کو بارش، ہوا، طوفانی ہوائیں اور برفباری کے ساتھ چند جگہوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع ڈائمر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچے اور شگر اور کشمیر کے نیلم ویلی، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، راولاکوٹ اور حویلی میں بارش، طوفانی ہوائیں اور برفباری کے امکان کے ساتھ چند جگہوں پر شدید برفباری بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے کئی اضلاع بشمول چکوال، اٹک، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گجرات، سرگودھا، میانوالی، گوجرانوالہ، ملتان، لیہ، بھکر اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش، ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے وقفے وقفے سے سلسلے متوقع ہیں۔
پی ایم ڈی نے عوام سے احتیاط برتنے اور موسمی حالات سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔


