ایبٹ آباد سے تعلق رکنےو الی بیوہ خاتون کا خود تعمیر کردہ گھر دیور نے چھین لیا، تین لاکھ روپے بھی ہتھیا لیے، مظلومہ بی بی نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کردی ۔
ایبٹ آباد: میرہ رحمال سیر شرقی، ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون مظلومہ بی بی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے دیور نے زبردستی اُس کا ذاتی طور پر تعمیر کردہ گھر ہتھیا لیا اور اسے بےدخل کر دیا ۔
پریس سے خطاب میں متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ گھر اُنہوں نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے تیار کیا تھا، جس پر اب دیور نے قبضہ جما لیا ہے ۔
مظلومہ بی بی اور ان کی بیٹی نے بتایا کہ اُنہیں نہ صرف گھر سے نکال دیا گیا بلکہ جب وہ بیماری کے دوران شدید کمزور اور بےبس تھیں، تب اُن کے دیور نے اُن کے تین لاکھ روپے بھی چھین لیے ۔
بیوہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار مقامی پولیس سے رجوع کر چکی ہیں، مگر پولیس ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اور کوئی عملی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔
پریس کانفرنس کے دوران مظلومہ بی بی اور ان کی بیٹی نے آبدیدہ ہو کر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کا ذاتی گھر انہیں واپس دلایا جائے،لوٹی گئی رقم کی واپسی ممکن بنائی جائے اور ظالم دیور کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ایک بے سہارا بیوہ کو انصاف فراہم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھر میں پرامن زندگی گزار سکے ۔