پشاور (شوبز ڈیسک) پشاور کے فنونِ لطیفہ کو چار دہائیوں تک اپنی دھنوں اور نغموں سے سجانے والے معروف موسیقار خالد ملک حیدر بھی اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ وہ گزشتہ 40 برس تک ریڈیو پشاور اور ٹیلی ویژن سے منسلک رہے اور پشتو و اردو کے معروف شعرا کے لکھے ہوئے گیتوں اور قومی نغموں کو اپنی منفرد موسیقی کے ذریعے امر کر دیا۔
ادھر پشاور ٹی وی کے سینئر نیوز رپورٹر حسن مومند بھی انتقال کر گئے۔ وہ خبر نگاری کے میدان میں اپنی دیانت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔ دونوں شخصیات نے اپنے اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دیں اور ایک یادگار ورثہ چھوڑا۔
ثقافتی اور سماجی حلقوں نے خالد ملک حیدر اور حسن مومند کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی۔ اہلِ فن اور عوام نے مرحومین کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔