دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ،روایتی حریف آج پھر ہونگے آمنے سامنے، ایشیا کپ 2025 ٹی 20 ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا، میچ شام ساڑھے 7 بجے دبئی کرکٹ گراونڈ میں شروع ہوگا ۔
ایک طرف جہاں بھارت کو ایونٹ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تو وہیں دوسری جانب پاکستان سہ فریقی سیریز کے فائنل اور ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے فتح حاصل کرکے شہ سرخیوں میں ہے ۔
سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے بھی پاکستانی اسپن اٹیک کو بھارت کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2014 سے اب تک کھیلے گئے آخری آٹھ میچز میں سے سات میں پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی ہے ۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے اور تینوں میں ہی پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی ۔
پاکستان نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 10 وکٹ اور ایشیا کپ 2022 میں پانچ وکٹ سے فتح حاصل کی تھی ۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 6 ماہ کے دوران دوسری بار آمنے سامنے ہوں گی، اس سے قبل دونوں ٹیموں نے چیمپئنز ٹرافی میں میچ کھیلا تھا ۔
ایشیا کپ کے ایک روزہ فارمیٹ میں سال 2000 اور 2012 کی فاتح پاکستان ٹیم کی نظریں اس بار ٹی 20 فارمیٹ پر جمی ہوئی ہیں ۔
دوسری جانب دبئی پولیس نے کرکٹ فینز کو خبردار کر دیا ہے کہ بدزبانی، تشدد اور نسل پرستانہ جملے کسنے پر کرکٹ فینز کو ایک سے 3 ماہ کی قید اور 23 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا ۔
دبئی پولیس کے ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق تشدد یا بدزبانی کرنے والوں کو 1 سے 3 ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، جو پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے تک بنتا ہے ۔