مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشميری عوام بھارت کے یومِ آزادی (15 اگست) کو غلامی کی یاد قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ، کُل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر غیور اور بہادر کشمیریوں کی جانب سے پوری وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس نے غیور اور بہادر کشمیریوں سے 15 اگست کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جس دن بھارت اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے، وہ دن کشمیریوں کے لیے غلامی، جبری تسلط اور مظالم کی سیاہ یاد ہے ۔
حریت کانفرنس نے اعلان کیا کہ ہم اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ کشمیری قوم بھارتی تسلط کی قیدی نہیں بلکہ آزادی کی متلاشی ہے ۔
حریت رہنماؤں کی اپیل کے فوری بعد بھارتی فورسز نے روایتی جبر کا استعمال کرتے ہوئے چھاپے مارے، درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا، اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ۔
اس کے باوجود وادی میں کشمیری نوجوانوں نے جگہ جگہ یومِ سیاہ کے بینرز، سیاہ جھنڈے اور پاکستانی پرچم آویزاں کرنا شروع کردیئے ۔
دوسری جانب حریت رہنماؤں نے 14 اگست کو پاکستان کا یومِ آزادی یومِ تشکر کے طور پر منایا اور پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد دی ۔