ایبٹ آباد کے علاقے گلیات میں گزشتہ رات طوفانی بارش نے قیامت ڈھا دی، دو ننھی بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں ۔
ایبٹ آباد(مہر سیماب) بالائی علاقے اپر گلیات میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، سرکل باکوٹ کے تھانہ باکوٹ کی حدود میں واقع یونین کونسل درویش آباد میں ایک کچا مکان زمین بوس ہوگیا ۔
مکان کے ملبے تلے دب کر دو معصوم بچیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، متاثرہ مکان عبدالرشید کا تھا، جس میں حادثے کے وقت صرف دو بچیاں موجود تھیں ۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے تلے دبی بچیوں کو نکالا، مگر دونوں جانبر نہ ہو سکیں ۔
حادثہ یونین کونسل درویش آباد میں پیش آیا، جو خیبرپختونخوا کے وزیر مال نذر عباسی کا آبائی گاؤں بھی ہے، بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کسی قسم کا امدادی کیمپ یا معاونت فراہم نہیں کی گئی ۔