الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 9 مئی کے حملوں میں سزایافتہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ایک اور رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو بھی نا اہل قرار دے دیا ۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ون چترال سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دیا ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 9 مئی واقعات میں سزا یافتہ ہونے پر نا اہل کیا گیا، رکن قومی اسمبلی کو آرٹیکل 63 (ون) (ایچ) کے تحت نااہل کیا ۔
قبل ازیں، الیکشن کمیشن نے آج عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی تھی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا ۔
یاد رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری، ایک ممبر صوبائی اسمبلی احمد خان بھچر اور ممبر قومی اسمبلی احمد چٹھہ کو بھی نااہل قرار دیا تھا ۔
الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماوں کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی سی نے اعجاز چودھری کو10 سال کی سزا سنائی ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ سے اعجاز چودھری کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے ۔