ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے مقامی سول سوسائٹی کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی اور اُن سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
نشست میں کشمیری عوام نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے کھل کر سوالات کیے، جن کے انہوں نے مدلل اور واضح جوابات دیے۔ نشست کا ماحول جذباتی اور حب الوطنی سے بھرپور رہا۔
شرکاء نے واضح کیا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔” اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ حاضرین نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرا کر اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں کشمیری عوام نے پاک فوج سے اپنی گہری وابستگی اور محبت کا انوکھا اظہار کیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو کشمیری ثقافتی لباس کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکاء نے پرجوش انداز میں نعرے لگائے کہ "کشمیر بنے گا پاکستان” اور کہا کہ کشمیری عوام کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے، آج بھی پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
یہ دورہ نہ صرف کشمیری عوام اور پاک فوج کے درمیان اعتماد، محبت اور یکجہتی کی ایک مضبوط مثال بنا بلکہ دشمن قوتوں کو بھی ایک واضح پیغام دے گیا کہ کشمیر اور پاکستان ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔