وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے ۔
زلزلہ پشاور، دیر، سوات، صوابی، مردان، نوشہرہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور اور ٹیکسلا سمیت خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بھی محسوس کیا گیا۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں بھی زمین لرز اٹھی، جبکہ گلگت، غذر، چترال اور استور میں بھی جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 94 کلومیٹر تھی،زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کی سرحد کے قریب تھا ۔
واضح رہے کہ یہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران آنے والا دوسرا شدید زلزلہ ہے ۔
12 اپریل کو اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، چکوال، چنیوٹ، حسن ابدال، اٹک، میانوالی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، لوئر دیر، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند، شبقدر، شانگلہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی ۔