کیا آپ جانتے ہیں کہ مغربی یورپ کے ملک جرمنی کو تقریباً دو ملین ہنر مندوں کی کمی کا سامنا ہے۔ اور جرمنی کے ادارے ہنرمندوں کی تلاش میں ہیں۔ جرمنی میں انجینئرز، آئی ٹی ماہرین، نرسنگ پروفیشنلز اورتعمیراتی ہنرمندوں کی ضرورت ہے۔ اگر آپ جرمنی میں ملازمت کے خواہش مند ہیں تو آپ کو جرمنی کے ان شہروں کا انتخاب کرنا چاہیئے جہاں سب سے زیادہ صنعتیں ہیں۔
ڈریزن شہر کی سیلیکون ویلی ایسی ہی ایک جگہ ہے جو مائیکرو الیکٹرونکس کا مرکز ہے۔ اسی طرح سولر ویلی جو قابل تجدید توانائی کا مرکز ہے۔ بارڈن ووٹن برگ کار سازی کا گڑھ ہے جہاں مرسیڈیز اور پوشے جیسی گاڑیاں بنتی ہیں۔ اگر آپ یورپی یونین کے شہری نہیں مگر آپ کے پاس ملازمت کی ایک پیشکش موجود ہے تو آپ ورک ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور اگر آپ کو پاس جاب آفر نہیں تو بھی آپ ملازمت تلاش کرنے کا ویزا لے سکتے ہیں۔
اگر آپ گریجویٹ ہیں تو یورپی یونین کے بلیو کارڈ کے لیے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ جرمنی میں انجینئر کے لیے جرمن زبان آنا ضروری نہیں۔ جرمنی میں انجینئر کی اوسط تنخواہ 4400 یورو ماہانہ ہے۔ ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں کے بعد آپ کو تقریباً 2800 یورو ملیں گے۔
جرمنی کو بڑی گاڑیوں جیسے ٹرکوں کے لیے ماہر اور تجربہ کار ڈرائیورز کی بھی ضرورت ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ جرمنی میں ٹرکرز کو برسوں پر محیط پروفیشنل ٹریننگ کی ضرورت نہیں ہوتی مگریورپی یونین کے کسی رکن ملک کا جاری کردہ لائسینس ہونا ضروری ہے۔ لیکن اگر آپ کے پاس یہ لائسنس نہیں تو بھی آپ جرمنی آ کر ٹرک ڈرائیور کی ملازمت تلاش کر سکتے ہیں اور اس کی کوئی ممانعت نہیں۔ ایسی صورت میں آپ اپنے ملک کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ جرمنی آئیے مگر آپ کو 6 ماہ کے اندر اندر اپنا لائسنس جرمن لائسنس سے تبدیل کرنا ہوگا۔ اگر کوئی ادارہ آپ کو ٹرک ڈرائیؤنگ کی نوکری کی ضمانت دیتا ہے تو آپ 15 ماہ میں ٹرک ڈرائیونگ کے لیے درکار شرائط پوری کرنے کے اہل ہو جاتے ہیں۔جرمنی میں ایک ٹرک ڈرائیور اوسطاً 2700 یورو کماتا ہے ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں کے بعد اس کے ہاتھ میں 1870 یورو آتے ہیں۔
اگر آپ آئی ٹی کے ماہر ہیں تو جرمنی آپ کی صلاحیتوں بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ جرمنی میں سافٹ وئر ڈیولپمنٹ، ایپلکیشن منجمنٹ، آئی ٹی سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں نوکریاں موجود ہیں۔ پروگرامنگ لینگوجز جیسے جاوا، ایس کیو ایل، پائتھون، پی ایچ پی اور سی لینگوئج کی بہت مانگ ہے۔ اگر آپ کے پاس آئی ٹی کی پروفیشنل ڈگری نہیں تب بھی آپ آئی ٹی سپیشلسٹ کے لیے خصوصی ویزہ اپلائی کر سکتے ہیں لیکن اس کے لئے آپ کو درکار ہوگا کسی آئی ٹی کمپنی کی جانب سے ملازمت کا آفر لیٹر اور آئی ٹی کے شعبہ میں کم از کم تین سال کا تجربہ اور جرمن زبان کی جان پہچان۔اگر آپ کے پاس جاب آفر ہے تو آپ کوالیفائیڈ پروفیشنلز کے لئے ورک ویزا اپلائی کریں۔ یہاں آئی ٹی ماہرین 6000 یورو ماہانہ کماتے ہیں یعنی ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں کے بعد قریب 3600 یورو آپ کو ملتے ہیں۔
نرسنگ پروفیشنلز کی جرمنی میں بہت مانگ ہے۔ سب سے پہلے تو آپ کو اپنی پروفیشنل کوالیفکیشن کو جرمنی میں تسلیم کروانا ہوگا آپ کی تربیت جرمنی میں نرسنگ کے لیے تین برس کے تربیتی پروگرام جتنی ہونا چاہیے۔ آپ کا تعلق کس ملک سے ہے یہ اہم نہیں مگر آپ نے تربیت کہاں سے لی ہے یہ اہم ہے۔
کچھ شعبوں جیسے کارپنٹروغیرہ کے لیے تو آپ کو اپنی پروفیشنل کوالیفکیشن کی تصدیق کی بھی ضرورت نہیں مگر آپ کو ویزہ درکار ہوگا۔ جرمنی کو اس وقت مکینکیل ورکرز، پلمبرز، کنکریٹ اور سٹیل کے تعمیراتی مزدوروں، الیکٹرکل انجینئرز اور بلڈنگ کلینرز کی اشد ضرورت ہے۔