مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کی کمان سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے ہاتھ میں ہو گی۔ اس سیاسی مفاہمت کے تحت آصف زرداری صدر اور مریم نواز صوبہ پنجاب کی وزیر اعلی ہو سکتی ہیں.
اسلام آباد میں منگل کی رات کو مشترکہ پریس کانفرنس چودھری شجاعت حسین کے گھر پر ہوئی، جس میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم اعلانات کیے گئے۔ خیال رہے کہ پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، مسلم لیگ ن کے صدر سمیت شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان اور عون چوہدری نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس کے کچھ دیر بعد، مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز نے شہباز کو ملک کے وزیراعظم اور مریم کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا۔ اور اب تقریباً یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کے بجائے ان کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف دوبارہ وزارت عظمیٰ کا عہد سنبھالیں گے۔